ٹیکسٹائل ملوں کی خریداری میں عدم دلچسپی ‘کپاس کے نرخ گھٹ گئے
کراچی(مارکیٹ رپورٹر) مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل ملوں کی خریداری میں محدود دلچسپی کے باعث کپاس کے داموں میں مندی کا رحجان اورکاروباری حجم بھی بہت کم رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے اسپاٹ نرخ فی من66.50روپے پر مستحکم رکھے سندھ میں فی من کپاس کا دام 6400 تا6850روپے‘ 40کلو گرام پھٹی کا دام3300تا3400روپے جبکہ پنجاب میں فی من کپاس کا دام 6500تا6950 روپے‘40کلو گرام پھٹی کادام 3400تا 3700روپے رہا۔ کاٹن بروکرز کے مطابق ٹیکسٹائل ملوں کے بڑے گروپوں نے بیرون ممالک سے 25لاکھ گانٹھوں کے درآمدی معاہدے کرلئے ہیں جس کی ڈیلیوری ہورہی ہے اورادائیگی کی جا رہی ہے مارکیٹ میں صرف مالی طورپر کمزور ملیں ضرورت سے محدود مقدار میں کپاس خریدرہی ہیں جس کے باعث کاروباری حجم کم ہوتاجارہا ہے۔ کاٹن بروکرز کے مطابق مقامی اورعالمی کپاس مارکیٹوں میں کپاس کا دام خاصہ بلند ہوگیا ہے نیویارک کاٹن کا دام 75تا78سینٹ کے لگ بھگ ہے جبکہ بھارتی کپاس کا دام 42500 تا44000 روپے فی کینڈی (356 کلو) کے لگ بھگ ہے اس طرح چین کی کپاس کا دام بھی موجود سطح پر ہے اس طرح مقامی کپاس کا دام فی من 7000 روپے پر بھاری ہوجاتا ہے۔