پاکستان کی برآمدات بڑھنا شروع، باسمتی چاول کی ایکسپورٹ میں 154 فیصد اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کی برآمدات بڑھنا شروع ہو گئیں اور مارچ کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 6 فیصد سے زیادہ اور باسمتی چاول کی برآمد میں 154 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال مارچ کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات کا مجموعی حجم 1 ارب 6 کروڑ 49 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیاجو گزشتہ مالی سال مارچ کے مقابلے میں 6.2 فیصد زیادہ ہے۔ ٹیکسٹائل مصنوعات میں سے ریڈی میڈ گارمنٹس کی بیرون ملک فروخت میں 19.6 فیصد، ٹاولز اور دوسری تیار شدہ اشیا کی فروخت میں 16 فیصد، نٹ وئیرز،، بیڈ وئیرز اور سوتی دھاگے کی برآمد میں 5. فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رواں مالی سال مارچ کے دوران 45 ہزار 745 میٹرک ٹن باسمتی چاول بیرون ملک بھیجا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال مارچ میں 17 ہزار 412 میٹرک ٹن چاول برآمد کیا گیا تھا۔ اس دوران کھیلوں کے سامان، پلاسٹک میٹریل، فرٹیلائزر، کمیکلز اور فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم قالین، چمڑے کی مصنوعات، سیمنٹ اور جیولری کی برآمد میں کمی ہوئی ہے۔