امارات کی18 کمپنیاں پہلی بار انجینئرز کے چناﺅ کے لئے پاکستان آئی ہیں: آصف درانی

امارات کی18 کمپنیاں پہلی بار انجینئرز کے چناﺅ کے لئے پاکستان آئی ہیں: آصف درانی

کراچی(کامرس رپورٹر)متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفارتکار آصف درانی نے کہا ہے کہ امارات کی18 کمپنیاں پہلی بار پاکستانی انجینئرز کی چناﺅ کے لیے پاکستان آئی ہیں جوپاکستان انجینئرنگ کونسل کے تحت کراچی ایکسپوسینٹر میںہفتہ25 اکتوبر کومنعقدہونے والے ”جاب فیئر“ میں اپنے منصوبوں کے لیے پاکستانی سول، میکینیکل، ڈرل، ٹیلی کمیونکیشن، الیکٹرانکس،کمپیوٹرانجینئرزکی براہ راست انٹرویوز لیں گی، یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان انجینئرکونسل کے چیئرمین سید عبدالقادر شاہ،وائس چیئرمین انجینئر مختار اے شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی، انہوں نے بتایا کہ کونسل نے متحدہ عرب امارات میں اپنی شاخ قائم کرلی جسکی وجہ سے وہاں خدمات انجام دینے والے 6 ہزار پاکستانی انجینیئرزکو ایک پلیٹ فارم حاصل ہوگیا ہے، انہوں پاکستان کے دیگر پروفیشنل باڈیز پر زور دیا کہ وہ بھی ششماہی بنیادوں پراپنے اپنے شعبوں کے جاب فیئرز منعقد کرائیں تاکہ پاکستان میں بے روزگاری کا خاتمہ ممکن ہوسکے، پاکستان انجینئرزنگ کونسل کے چیئرمین سیدعبدالقادرشاہ نے کہا کہ دبئی میں 2020ایکسپو،قطرمیں 2022 فیفا ورلڈکپ اورابوظہبی میںاکنامک ویژن 2030سے استفادہ کے لیے کونسل نے 3ہزارپاکستانی انجینئرزکو وہاں کے انفراسٹرکچرل منصوبوں میں کھپانے کی حکمت عملی وضع کرلی ہے، انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی انجینئرزکی تمام شعبوں میں کھپت کے وسیع امکانات موجود ہیں اور ہفتے کی صبح 9 بجے شروع ہونے والے جاب فیئر میں غیرملکی کمپنیوں کے لیے16 جبکہ مقامی کمپنیوں کے لیے24 انٹرویو کیبن لگائے گئے ہیں جہاں امکان ہے کہ 6 تا10 ہزار امیدوار واک ان انٹرویو کےلئے آئیں، انہوں نے بتایا کہ یو اے ای میں اگر 1000 پاکستانی انجینئرز کی کھپت ہوجائے تو پاکستان کونہ صرف ترسیلات زر کی مد میں5 کروڑ ڈالر کی آمدبڑھ جائے گی بلکہ ہزاروں پاکستانی لیبرز کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیداہوسکیں گے، کونسل کے وائس چیئرمین مختارشیخ نے کہا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں مجموعی طور پر1 لاکھ72 ہزارانجینئرز رجسٹرڈ ہیں جن میں سے تقریبا10 فیصد بے روزگار ہیں اورتقریبا40 فیصدانجینئرز بیرونی ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ جاب فیئر کا افتتاح یواے ای میں تعینات پاکستانی سفارتکار آصف درانی کریں گے جبکہ فیئر کے اختتامی سیشن کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ہوں گے، جاب فیئر میں جامعات اور کالجز کے نوجوان انجینئرزکو بھی مدعو کیا گیا ہے جو اپنے تیار کردہ پروجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔