سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے بعد مندا ، سرمایہ کاروں کو31 ارب کا خسارہ
کراچی(مارکیٹ رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس) میں منگل کے دوسرے روز مندی پر100 انڈیکس 141.00 پوائنٹس کمی پر 36600 ‘ 36700 کی دو بالائی حدود برقرار نہ رکھ کر36582.35 کی نچلی سطح پر بند رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 31ارب 43کروڑ روپے سے زائد کمی رہی۔ ابتدائی اوقات میں گیس‘ کیمیکلز کی زائد خریداری پر100 انڈیکس 211.15 پوائنٹس اضافہ پر 36793.50 تجاوز کرچکا تھا۔ بعدازاں دوپہر کے اوقات میں بینکوں کے شرح سود کی کنفیوژن ‘ غیرملکی سرمایہ کا انخلاء اورکئی منفی اطلاعات کے باعث سرمایہ کاروں نے سوئی ناردرن گیس ‘ لوٹی کیمیکلز سمیت بیشتر حصص منافع کے حصول میں کم داموں خریدوفروخت کر کے اپنے سرمایہ کے حصول میں سرگرم رہے جس کے نتیجے میں مارکیٹ اختتام پر 100 انڈیکس 141.00 پوائنٹس کمی پر 36582.35 پر بند رہا۔ مارکیٹ میں سرگرم حصص کا دائرہ کار 385کمپنیوں تک رہا جس میں 156 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ‘199کمپنیوں کی قیمتوں میں کمی اور 30کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی مارکیٹ کیپٹل 74کھرب 47ارب 70 کروڑ 81لاکھ 98ہزار 101 روپے ہوگئی۔ گزشتہ پیر کے مقابلے میں کاروباری سرگرمی 3کروڑ 28لاکھ 61ہزار10 حصص سے زائد رہی اورمجموعی سودوں میں 29کروڑ 84لاکھ 12ہزار80حصص کے کاروبار میں زائد لین دین ریکارڈ رہا۔