کاٹیج انڈسٹری کو مستحکم کئے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے: غلام سرور ملک

لاہور)کامرس رپورٹر)چیئرمین آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین غلام سرور ملک نے کہا ہے کہ کاٹیج انڈسٹری کو مستحکم کیے بغیر مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ اور ملک کی معاشی ترقی ناممکن ہے کیونکہ کاٹیج انڈسٹری ان سب کے لیے ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے۔ آئندہ چند روز میں اقتدار سنبھالنے والی مسلم لیگ ن کی نئی حکومت کاٹیج انڈسٹری کی ترقی و استحکام کے لیے ٹھوس منصوبہ بندی اور خصوصی پیکیج کا اعلان کرے۔ غلام سرور ملک نے یہ باتیں گذشتہ روز کاٹیج انڈسٹری سے وابستہ 60تنظیموں کے ایک بڑے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہیں۔ وفد نے غلام سرور ملک کو اپنی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے مدد کی اپیل کی۔ چیئرمین آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری سے منسلک تاجروں کو مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے اور کچھ نہیں کیا جس کی وجہ سے آج کاٹیج انڈسٹری تباھی کے دہانے پر آن کھڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بدترین بحران کی وجہ سے بہت سی کاٹیج انڈسٹری بند اور ہزاروں افراد بے روزگار ہوگئے جس کی وجہ سے وہ اور اُن کے اہل خانہ فاقہ کشی سے دوچار ہیں۔ انہوں نے میاں محمد نواز شریف سے اپیل کی کہ وہ برسراقتدار آتے ہی بجلی کا بحران حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں۔