پاکستان سے چین کو چاول کی برآمد میں 6 ہزار فیصداضافہ

پاکستان سے چین کو چاول کی برآمد میں 6 ہزار فیصداضافہ

لاہور(اے پی اے )امریکی ادارہ برائے زراعت کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے چین کو چاول کی برآمدات میں گذشتہ ایک سال کے دوران 6 ہزار فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2011ءمیں چین کو 42 لاکھ 78ہزار ڈالر مالیت کا چاول برآمد کیا گیا تھا جبکہ گزشتہ سال چاول کی برآمدات کا حجم 26کروڑ 86لاکھ 90ہزار ڈالر تک بڑھ گیا، سال 2013ء کے دوران چین 2.5 ملین ٹن چاول درآمد کر کے اپنی ملکی ضروریات پوری کرے گا،گزشتہ برس چین نے 1.12 ارب ڈالر مالیت کے چاول درآمد کئے تھے، رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ بڑی مقدار میں چاول چین کو برآمد کرتا تھا لیکن گزشتہ دو سالوں کے دوران پاکستان اور ویت نام کی برآمدات بھی بڑھی ہیں اور یہ آہستہ آہستہ چین کی درآمدی منڈی میں بھرپور شرکت کر رہے ہیں، ہارویسٹ ٹریڈنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد جواد کے مطابق چین پاکستانی چاول کی بڑی درآمدی منڈی ثابت ہو سکتا ہے اور چین میں چاول کی طلب بھی بہت زیادہ ہے جبکہ گزشتہ چند سالوں کے دوران ہمسایہ ممالک کو چاول کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا، چین میں سالانہ 140 ملین ٹن چاول استعمال کئے جاتے ہیں۔