خوردنی تیل اور اسکی مصنوعات کے درآمدی بل میں 4 فیصد سے زائد کمی

لاہور(اے پی اے) وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس مہینوں (جولائی 2012 ء تا اپریل 2013) کے دوران خوردنی تیل اورمصنوعات کے درآمدی بل میں 4 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جولائی تا اپریل 2012-13ءکے دوران 15.994 ارب ڈالر مالیت کا خوردنی تیل اورخودرنی مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران دونوں غذائی مصنوعات کے درآمدی بل کا حجم 16.748 ارب ڈالر تھا، پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران خوردنی تیل اور غذائی اجناس کی مجموعی ملکی درآمدات میں 4 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہونے سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی جس سے ملکی معیشت پر خاطر خواہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔