اقتصادی راہداری منصوبہ سے معدنیات کی طلب میں اضافہ ہوا: چودھری شیر علی
لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چودھری شیر علی خان نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہد اری منصوبوں ،موٹر ویز ،میٹرو بس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین جیسے میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے صوبہ پنجاب کی معدنیات خاص طور پرسینڈگریول ، سینڈسٹون اور ریت کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس سے حکومت کے ریونیو میں بھی بھر پور اضافہ کی امید ہے ۔ ریزرو پرائس مقرر کرنے کے فیصلے سے رائٹ آف سرنڈر جیسے مسائل کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی ۔ صوبہ پنجاب سے نکالی جانے والی معدنیات خاص طور پر ریت ،سینڈگریول اور سینڈسٹون کے بلاکس کے ٹھیکوںکی نیلامی کے لئے آئندہ بولی کی ریزو پرائس مقرر کی جائے گی ۔محکمہ معد نیات پنجاب نے ریت کے بلاکس کی نیلامی کے ذریعے ریت کے ٹھیکے گذشتہ سال کی نسبت دو سو فیصد زیادہ ریونیو کے ساتھ 71کروڑ روپے جبکہ سینڈ سٹون کے ٹھیکے ایک ارب روپے سے زائدمیں نیلام ہوئے ۔انہوں نے یہ بات کیبنٹ کمیٹی برائے مائنزکے لئے قائم سیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔