پی آئی اے کیلئے بوئنگ طیاروں کی خریداری میں90 کروڑ کرپشن کا انکشاف
اسلام آباد (صباح نےوز) پی آئی اے کیلئے بوئنگ طیاروں کی خریداری میں 90 کروڑ روپے کرپشن کا انکشاف ہوا ہے، ایف آئی اے نے سابق وزیر دفاع چودھری احمد مختار اور سابق سیکرٹری دفاع نعیم خالد لودھی سمیت پی آئی اے بورڈ کے ارکان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش کر دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کی انکوائری رپورٹ کے مطابق فروری 2012ءمیں پی آئی اے نے امریکہ کی ایک کمپنی سے پانچ بوئنگ طیارے خریدے۔ طیاروں کی خریداری میں کرپشن کی شکایت پر ایف آئی اے سندھ نے انکوائری شروع کی تو معلوم ہوا کہ خریداری میں پیپرا رولز سمیت دیگر قواعد کو نظر انداز کیا گیا۔ انکوائری مکمل کر کے رپورٹ ڈی جی ایف آئی اے کو ارسال کر دی گئی ہے جس میں سفارش کی کی گئی ہے کہ سابق وزیر دفاع چودھری احمد مختار، سابق سیکرٹری دفاع نعیم خالد لودھی، سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، پی آئی اے بورڈ کے ارکان جاوید اختر، حسین لوائی اور یوسف وقار کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
پی آئی اے/ کرپشن