حکومت متبادل ہیلتھ کیئر مصنوعات کے لیے پالیسی وضع کرے : لاہور چیمبر

حکومت متبادل ہیلتھ کیئر مصنوعات کے لیے پالیسی وضع کرے : لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ متبادل ہیلتھ کیئر مصنوعات کی ضروریات اور عالمی معیارات کو مدّنظر رکھتے ہوئے اس اہم سیکٹر کے لیے پالیسی وضع کرے ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری ہومیوپیتھک ڈاکٹر، فارماسیوٹیکل اینڈ کیمیسٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ وفد کی سربراہی ایسوسی ایشن کے سربراہ امان اللہ بسمل کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس سیکٹر کی ترقی و خوشحالی کے لیے قواعد و ضوابط وضع اور نافذ کیے جائیں تاکہ یہ معاشی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔ سٹیک ہولڈرز کی شمولیت کے بغیر تشکیل دی گئی پالیسیاں مطلوبہ نتائج نہیں دے سکیں گی لہذا سٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائی جائے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ کے تصور کو فروغ دینے کی کوشش کررہا ہے تاکہ معاشی پالیسیوں کے صحیح معنوں میں نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔