وزیراعلیٰ کی لاہور کے تاجروں کو دکانیں کھولنے کے اوقات میں اضافے کی یقین دہانی

لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی داراحکومت کے تاجروں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی جانب سے دکانیں کھولنے کے اوقات میں اضافہ کی یقین دہانی کے بعد حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن میں 31 مئی تک اضافہ کردیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تاجر ونگ کے صدر میاں منان کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف سے ملاقات کرکے انہیں تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا اور دکانیں کھولنے کے اوقات کار میں اضافے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی کہ 31 مئی کو چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مارکیٹوں کے اوقات کار کے حوالے سے اسلام آباد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ چاروں صوبوں میں دکانوں کی بندش کا ایک ہی وقت طے کیا جاسکے وزیراعلیٰ کی اس یقین دہانی پر تاجروں نے حکومت کو 24 مئی تک دی گئی ڈیڈ لائن میں اضافہ کرکے 31 مئی کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے اور اگر 31 مئی تک مطالبات منظور نہ ہوئے تو تاجر حکومتی پابندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام 8 بجے کی بجائے رات 9 بجے تک دکانیں کھولیں گے۔ میاں منان کا کہنا ہے کہ کچھ سازشی عناصر نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور تاجروں نے تعلقات خراب کروانے کی مذموم سازش کی تھی مگر تاجر اس سازش کو کامیاب نہیںہونے دیں گے۔