تاجروں کو حقوق دیئے بغیر ریونیو میں اضافہ نہیں ہوسکتا : عرفان شیخ

لاہور(کامرس رپورٹر) قومی تاجر اتحاد لاہور کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ تاجر برادری کے بنیادی مسائل حل کئے بغیر معیشت سیدھی سمت نہیں چل سکتی۔ جب تک تاجروں کو ان کے حقوق نہ دیئے گئے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور نہ ہی مارکیٹوں کی رونقیں بحال ہوسکیں گی۔ وہ قومی تاجر اتحاد کے زیراہتمام بلائے گئے تاجر کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرا کر کاروبار تباہ کردیا ہے تاجروں کی حکومت ہماری بات سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ بناتے وقت تاجر برادری سے کوئی مشاورت نہیں کی جا رہی نہ ہی کوئی سیمینار کرایا گیا ہے بلکہ آئی ایم ایف کے کہنے پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس جیسے نظام کو متعارف کرانے کی سازش تیار کی جا رہی ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں اور کامیاب نہ ہونے دینگے۔ اس موقع پر بابر علی خان، راجہ حامد ریاض، حاجی اشفاق، خالد جاوید، سلیم ارشد، باغی خان، چوہدری کرم الٰہی، حاجی نواز، خواجہ جہانگیر، حاجی شیخ محمد سلیم، راجہ جاوید نے بھی خطاب کیا۔