گیس کی قیمتوں میں اضافے سے انڈسٹری تباہ ہو جائیگی : پیاف

لاہور( کامرس رپورٹر) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ ( پیاف ) نے یکم جولائی سے گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ انڈسٹری کے لیے تباہ کن قرار دیا۔ چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ قیمتوں کا تعین سال میں صرف ایک بار بجٹ کے موقع پر کیا جائے ۔ قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی ا یک نیا طوفان جنم لے گا ۔ رمضان المبارک کے بابرکت ماہ میں حکومت نے مختلف اشیاء پر جو سبسڈی دے رکھی ہے ۔ اسکا اثر زائل ہو جائے گا۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انرجی مصنوعات کو مہنگا کرنے کی بجائے عوام کو مزید ریلیف دیا جائے ۔ پیاف کے سینئر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی نے کہا حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبہ پر آئندہ مالی سال سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتوں پر اضافی بوجھ پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر فیصلہ واپس لے ۔