صوبائی وزراء کے رمضان بازاروں کے دورے ، معیار اور قیمتیں چیک کیں

صوبائی وزراء کے رمضان بازاروں کے دورے ، معیار اور قیمتیں چیک کیں

لاہور(خبر نگار+ نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبائی وزرائ‘ سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے مختلف شہروں میں رمضان بازاروں کے دورے کئے اور اشیائے صرف کے معیار‘ نرخ‘ رسد اور اوزان کو خصوصی طور پر چیک کیا۔ صوبائی وزیرخوراک و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول بلال یٰسین نے لاہور میں سبزہ زار‘ جوہرٹائون‘ وحدت کالونی اور شادمان کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے۔ صوبائی وزیرنے انتظامیہ کو کوالٹی‘ قیمتوں اور رسد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ کم تولنے والے دکانداروں‘ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اشیائے صرف کے نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں۔ صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے جوہر ٹائون‘ برکت مارکیٹ اور وحدت روڈ کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیااور سٹالز پر پھلوں‘ سبزیوں‘ گوشت اور دیگر اشیائے صرف کے نرخ اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صارفین سے رمضان بازار میں دستیاب اشیاء کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے رمضان بازاروں میں ایئر کولربھی لگانے کاحکم دیا۔ قبل ازیں معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک چوہدری محمد ارشد جٹ کی زیرصدارت اجلاس میں رمضان بازاروں میں چکن‘ انڈے‘ مٹن اور بیف کی فراہمی‘ معیار اور نرخ کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ ڈائریکٹر جنرل لائیوسٹاک ‘ ڈائریکٹر ‘ ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر‘ ڈپٹی ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر‘ ویٹرنری اسسٹنٹ اور ویٹرنری افسران رمضان بازاروں میں چیکنگ اور نگرانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔