سٹیل مل کو گیس پریشر میں کمی سے پیداواری عمل متاثر ہونے لگا:ترجمان

کراچی/اسلام آباد( صباح نیوز)پاکستان سٹیل مل کو سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس پریشر میں انتہائی کمی واقع ہوگئی ہے جس کے باعث ادارے میں پیداواری عمل شدید متاثر ہورہا ہے۔پاکستان سٹیل مل کو گیس پریشر میں کمی کی صورتحال کا گزشتہ بارہ روز سے سامنا ہے ۔ ترجمان پاکستان سٹیل مل کے مطابق گیس پریشر میں انتہائی کمی کے باعث پاکستان سٹیل کی پیداوار میں شدید کمی کے ساتھ پلانٹ اور مشینری کو بھی شدید خطرے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ سنگین صورتحال کے پیش نظر پاکستان سٹیل کی انتظامیہ نے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور سوئی سدرن گیس کے اعلی حکام کو گیس پریشر میں شدید ترین کمی کی طرف کئی مرتبہ توجہ مبذول کروائی اور کئی خطوط بھی تحریر کیے گئے لیکن اس صورتحال کا سدباب آج تک نہیں کیا جاسکا ہے۔اگر یہ صورتحال برقرار رہی تو بلاسٹ فرنس اور سٹیل کنورٹرز مکمل خراب ہوسکتے ہیں۔ پاکستان سٹیل کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سٹیل کو اس سنگین صورتحال سے نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔