سمگلنگ سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہے: اسلام آباد چیمبر

ٓٓاسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رحجان کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے کیونکہ اس سے مقامی صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور قومی معیشت کو بھی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ مختلف ایشیاء کی سملنگ کی وجہ سے قومی خزانے کو سالانہ کاتقریباً 120 سے 150 ارب روپے نقصان پہنچ رہا ہے لہذا حکومت کو چائیے کہ وہ اس سنگین مسئلہ کی طرف فوری توجہ دے کیونکہ اس سے مقامی صنعتوں کی ترقی میںمشکلات پیدا ہوتی ہیں، سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے اور درآمدات سے موصول ہونے والے ٹیکسوں میں کمی واقع ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ورلڈ بنک کی ایک رپورٹ کے مطابق صرف افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی سمگلنگ سے پاکستان کی معیشت کو 2001 تا 2009 کے دوران 35 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا ۔انہوںنے کہا کہ چائے، ڈیزل و پٹرولیم مصنوعات، آٹو موبائلز اور ٹائرز سمیت دیگر مصنوعات کی بڑے پیمانے پر ملک میں سمگلنگ ہو رہی ہے۔ جس سے یہ مصنوعات تیار کرنے والی صنعتوں کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان میں داخل ہونے کیلئے مصنوعات کو 34 تا 35 ایجنسیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے باوجود سمگلنگ کا رحجان بڑھتا ہی جا رہا ہے جو باعث تشویش ہے۔