زرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں ڈالر خوراک کی درآمدات پر خرچ کر دیئے گئے
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں ڈالر زرمبادلہ صرف خوراک کی درآمد پر خرچ کر رہا ہے جبکہ خوراک کی برآمد میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران بیرون ملک سے 5 ارب 39 کروڑ ڈالر کی کھانے پینے کی اشیاءمنگوائی گئیں۔ ایک ارب ستاسی کروڑ ڈالر کا خوردنی تیل،ساٹھ کروڑ ڈالر کی دالیں وغیرہ، اکاون کروڑ ڈالر کی چائے کی پتی اور اٹھائیس کروڑ ڈالر مالیت کا دودھ، کریم اور دودھ سے بنی اشیاءدرآمد کی گئیں جبکہ اس دوران پاکستان سے خوراک کی برآمدات کا حجم پہلے سے بارہ فیصد کم ہو کر تین ارب ننانوے کروڑ ڈالر رہ گیا پاکستان میں بیس لاکھ ٹن سے زیادہ سرپلس گندم گوداموں میں پڑی خراب ہو رہی ہے لیکن اس کو برآمد کرنے کی کوششوں کا یہ عالم ہے کہ ایک سال کے دوران صرف ایک ہزار ایک سو ٹن گندم ہی برآمد کی جا سکی۔