7 دنوں کے دوران سبزیوں پھلوں‘ انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ
لاہور+ اسلام آباد (کامرس رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ 7 دنوں کے دوران سبزیوں پھلوں اور فارمی انڈوں کی قیمتوں میں پرچون کی سطح پر ہوش ربا اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری اعداد شمار کے مطابق 19 سبزیوں کی قیمتوں میں ایک روپے سے لے کر 68 روپے تک 6 پھلوں کی قیمتوں میں 3 روپے لے کر 10 روپے تک اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت میں 7 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سبزیوں میں ایک کلو آلو کچا چھلکا کی قیمت 3 روپے اضافے سے 39 روپے‘ ٹماٹر 6 روپے اضافے سے 72 روپے‘ لہسن دیسی 68 روپے اضافے سے 224 روپے‘ لہسن چائنہ کوئٹہ 46 روپے اضافے سے 235 روپے‘ ادرک چائنہ 5 روپے اضافے سے 72 روپے‘ بیگن 9 روپے اضافے سے 53 روپے‘ کھیرا 6 روپے اضافے سے 48 روپے‘ کریلے 17 روپے اضافے سے 92 روپے ہو گئیں۔ پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کولو پہاڑی کی قیمت 5 روپے اضافے سے 131 روپے‘ جامن 10 روپے اضافے سے 99 روپے تربوز 3 روپے اضافے سے 17 روپے‘ انگور بدانہ 4 روپے اضافے سے 120 روپے ہو ئی اور ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت 7 روپے اضافے سے 95 روپے ہو گئی۔ رواں برس جولائی کے تیسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.37 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 22 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران گندم، آٹا، دال ماش، چنے کی دال، ٹماٹر، لہسن، آلو، چینی، گڑ، مٹن، انڈے، دہی، سرخ مرچ اور باسمتی اول سمیت 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ زندہ مرغی، کیلے، ایل پی جی، دال مسور، دال مونگ، پیاز، ویجی ٹیبل گھی، سمیت 7 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔