باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مزید کوششیں کرنا ہونگی: آسٹریلوی ہائی کمشنر
ملتان (سٹاف رپورٹر) آسٹریلین ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈم سن نے کہا ہے کہ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مزید کوششیں کرنا ہو نگی۔ دو طرفہ تعلقات بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رومی فیبرکس کے دورہ کے دوران خواجہ جلال الدین رومی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلقات میں بہتری لانے اور تجارت میں اضافے کیلئے مواقع موجود ہیں۔ اس موقع پر سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ عالمی معیار کی وجہ سے ہماری کاٹن مصنوعات دنیا بھر میں مشہور ہیں جن کی مانگ میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ تجارت تعلقات کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں جبکہ انڈسٹری سے خواتین و حضرات کے روزگار میں اضافہ ہوا ہے۔