پی آئی اے نے 25کیڈٹ پائلٹس بھرتی کرلئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے 25 کیڈٹ پائلٹس بھرتی کر لئے جو کہ اے ٹی آر طیاروں پر اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ہیڈ آفس میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن مہتاب احمد خان نے نئے بھرتی ہونے والے پائلٹس میں خط تقسیم کئے۔اس موقع پر مہتاب احمد خان نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت کو مقدم رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے مزید طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور کم منافع بخش روٹس کو بہتر حکمت عملی سے منافع بخش روٹس میں بدل دیا جائے گا جبکہ منافع بخش روٹس ہر پروازوں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم پی آئی اے کی بہتری کے لئے ٹیکنیکل گرا¶نڈ سپورٹ کے لئے مشترکہ تعاون پر غور کر رہے ہیں۔پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الہی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان نے بھی پائلٹس سے خطاب کیا اور انہیں پی آئی اے فیملی کا حصہ بننے پر مبارکباد دی۔ تقریب میں چیف ایچ آر آفیسر را حیل احمد اور چیف فلایٹ آپریشنز کیپٹین عزیر خان اورپی آئی اے کی اعلی انتظامیہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔