حکومت ریگولیٹری ڈیوٹی تب تک مکمل طور پر واپس لے جب تک سٹیک ہولڈرز کے حقیقی تحفظات دور نہیں ہوجاتے
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرنے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے چار سو سے زائد اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی کا نفاذ روکنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ریگولیٹری ڈیوٹی تب تک مکمل طور پر واپس لے جب تک سٹیک ہولڈرز کے حقیقی تحفظات دور نہیں ہوجاتے ، ان سے تجاویز لینے کے لیے فوری طور پر ایک اجلاس بھی طلب کیا جائے۔ لاہور چیمبر کے کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ لاہور کورٹ نے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر نافذ کردہ ریگولیٹری ڈیوٹی کے متعلق ایس آر او معطل کرکے تاجر دوست فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر تمام سٹیک ہولڈرز کا اجلاس طلب کرکے ان سے تجاویز لے اور تب تک ریگولیٹری ڈیوٹی مکمل طور پر واپس لی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی کا موجودہ طریقہ کار ایکسپورٹ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ اس سے برآمدی شعبہ اور مینوفیکچرنگ سیکٹر متاثر ہونے کے ساتھ سمگلنگ اور انڈر انوائسنگ بھی بڑھے گی۔