3 ہزار ایکڑ پر ٹنل کی تنصیب کےلئے 50 فیصد سبسڈی دینے کا پروگرام شروع
لاہور ( کامرس رپورٹر) خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت 3000ایکڑ پر ٹنل کی تنصیب کے لئے50فیصد سبسڈی کی فراہمی کے پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ۔محکمہ زراعت کی جانب سے کسانوں کو ٹنل کی تنصیب کے لئے 225,000روپے فی ایکڑ یا ٹنل کی تنصیب پر آنے والی اصل لاگت کا پچاس فیصد بطور سبسڈی فراہم کیا جارہا ہے ۔ڈرپ نظام آبپاشی میں پودوں کو پانی ضرورت کے مطابق وقفوں کے ساتھ پہنچتا رہتا ہے ۔جس سے جڑوں کے ارد گرد وتر کی حالت برقرار رہتی ہے ۔ پودوں کو پانی ، ہوا اور خوراک مناسب تناسب سے ملتے رہتے ہیں۔ کاشتکار ٹنل فارمنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں بالخصوص ٹما ٹر کی پیداوار میں اضافہ کر کے وہ بھاری نفع کما سکتے ہیں۔ حکومت نے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی کسانوں کے مالی مفاد کے تحفظ کے لیے عائد کی اس لیے کاشتکار اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ کھیرا، شملہ مرچ ،کریلا اور دیگر سبزیوں کوبھی ٹنل فارمنگ کے ذریعے فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ڈرپ نظام آبپاشی پر حکومت پنجاب 60 فیصد سبسڈی دے رہی ہے جبکہ 20ہزار ایکڑ پر جدید نظام آبپاشی چلانے کے لیے سولر پینل کی تنصیب بھی کی جار ہی ہے ۔سولر سسٹم کے ذریعے ٹنل فارمنگ کو مزید کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔کاشتکار درخواست فارم محکمہ زراعت کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے مقامی دفاتر سے مفت حاصل کریں یا ویب سائٹ www.ofwm.agripunjab.gov.pkسے ڈاﺅن لوڈ کریں۔