منافع میں کمی کے قومی بچت سکیموں پر منفی اثرات ہونگے: اقتصادی ماہرین
لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے قومی بچت سکیموں کے منافع پر متوقع کمی پر کہا ہے کہ اس کے بچت سکیموں پر منفی اثرات مرتب ہونگے حکومت کا بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے بینکنگ سیکٹر سے قرضوں پر انحصار بڑھے گا انسٹیٹیوٹ آف اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی اور پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم نے کہا کہ قومی بچت سکیموں میں منافع میں اگر کمی کی گئی تو پنشنرز، بیواہ خواتین، معذور افراد اور بزرگ افراد متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بچتوں کی شرح 13فیصد ہے جو بہت کم ہے ہمسایہ ملک بھارت میں یہ شرح 32 فیصد کے لگ بھگ ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن افراد کے بچت سکیموں کے سالانہ مافع کا حجم 4 لاکھ روپے سے کم ہے ان کے منافع پر 10 فیصد کٹوتی نہ کی جائے قومی بچت سکیموں پر منافع میں کمی معاشی استحصال کے مترادف ہوگی۔