نومبر کے تیسرے ہفتے مہنگائی کی شرح 0.12 فیصد بڑھ گئی
اسلام آباد(آن لائن) ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود رواں مالی سال 2014-15 کے پانچویں ماہ نومبر کے تیسرے ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 8 ہزار روپے تک کی ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے 21 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ٹماٹر، زندہ مرغی ، انڈے، مونگ کی دال ،چنے کی دال ،دال ماش ،مٹن، بیف اور ادرک سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔پیاز،آلو،گندم،کیلا،چینی ،مسور کی دال ، گڑ اور ایل پی جی سمیت 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق اری چاول ،پٹرول ،ڈیزل ،ویجی ٹیبل گھی ، آٹا ،سرخ مرچ ، مٹی کاتیل ،گیس نرخ ، تازہ دودھ، دھی ،خوردنی تیل ، باسمتی چاول،بیف ،ملک پاوڈر ، نمک ، بجلی کے نرخ ، باسمتی چاول ، چائے ، کپڑے اورکھلا گھی سمیت 34 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔