مسائل کے حل کیلئے پیڈا کو مستقل بنیادوں پر خود مختار ادارہ بنانے کی تجویز منظور
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا امانت اللہ خان شادی خیل کی زیر صدارت پنجاب اریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی کا 53 واں اجلاس یہاں اریگیشن سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس میں کسان ممبران پیڈا میاں محمد رفیق ایم پی اے، چوہدری سجاد حیدر گجر ایم پی اے، راؤ کاشف رحیم ایم پی اے اور رانا عبدالرؤف ایم پی اے کے علاوہ دیگر افسروں نے شرکت کی۔ پیڈا اتھارٹی کے کسان ممبران نے تجویز پیش کی کہ پیڈا کے مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے کہ اس کو مستقل بنیادوں پر ایک خود مختار ادارہ بنایا جائے اور اس کے انتظامی امور کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے اس میں مینجمنٹ کی اعلی پوسٹوں پر محکمہ آبپاشی کے افسران کی بجائے انتظامی امور کے ماہرین کی تعیناتی کی جائیں۔ اجلاس نے اتھارٹی کے لئے ایک خودمختار مینجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی کی سفارش بھی کی۔ وزیر آبپاشی نے ان تجاویز کو اصولی طور پر منظور کیا۔