کسٹمز انٹیلی جنس نے سمگل شدہ 8 کروڑ روپے کا ڈرائی فروٹ پکڑ لیا

لاہور (خبر نگار) کسٹمز انٹیلی جنس لاہور نے رمضان المبارک میں مہنگے داموں فروخت کیلئے بھارت اور افغانستان سے سمگل کئے گئے 8 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ڈرائی فروٹ اور مصالحہ جات قبضے میں لے لئے۔ ان مصالحہ جات اور ڈرائی فروٹس پر کسٹمز ڈیوٹی اور جرمانہ 4 کروڑ روپے کے لگ بھگ بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس مکرم جاہ کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس کے عملے نے مجسٹریٹ اور مقامی پولیس کے ساتھ بند روڈ پر ایک کولڈ سٹوریج پر چھاپہ مارا تو وہاں سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے علاوہ بھارتی مہروں اور بوریوں میں موجود کاجو‘ بادام‘ الائچی‘ انار دانہ‘ سونف‘ لال مرچ‘ املی‘ مینتھول کرسٹل اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں جس پر کسٹمز حکام نے ان 13 ہزار 500 بوریوں کو قبضہ میں لیکر گودام سربمہر کر دیا۔