بجلی کی قیمت میں اضافہ پرتا جروں کو تشویش انڈسٹری کے لئے تباہ کن قرار دے دیا
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرکے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد جاوااور نائب صدر ناصر حمید خان نے نیپرا اور اوگرا کی جانب سے بجلی و گیس کی قیمتو ںمیں بھاری اضافے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس قدم کو گرتی برآمدات کے تابوت میں ایک اور کیل قرار دیا ہے۔عہدیداروں نے کہا کہ نیپرا نے پاور ڈسٹری بیوٹرکمپنیوں کو 162ارب روپے سے زائد کے بھاری سسٹم لائن لاسز صارفین سے وصول کرنے کی اجازت دے کر بڑی ناانصافی کی ہے۔ پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ(پیاف) نے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ3 روپے 90 پیسے تک مہنگی کرنے کے فیصلے کو انڈسٹری کے لئے تباہ کن قرار دیا ہے۔ نئے ٹیرف کی منظوری سے صارفین کو مزید پانچ سال تک مہنگی بجلی برداشت کرنی پڑے گی۔ چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہ زیب اکرم کے ہمراہ نیپرا کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی خبروں پر تشولش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتی وکمرشل مقاصد کے لئے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ صنعتوں کو بحران میں مبتلا کر دے گا۔