.عاشورہ میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اجلاس، لیسکو چیف نے ٹیمیں تشکیل دیدیں
لاہور (نیوزرپورٹر)لیسکوکے چیف ایگزیکٹو واجد کاظمی کی زیر صدارت لیسکو ہیڈ آفس میں یکم تا 10 محرم الحرام کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ترجمان کے مطابق مجالس کے دوران امام بارگاہوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یکم محرم تا 10 محرم الحرام تک ایس ایز ، ایکسئینز اور ایس ڈی اوز سمیت تمام عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فی الفور نمٹنے کے لئے دفاتر میں موجود رہے گا ۔ چیف ایگزیکٹو کی ہدایت پر 7محرم سے نکلنے والے جلوسوں میں لیسکو کا عملہ بھی خصوصی طور پر حفاظتی نقطہ نظر کے تحت ساتھ ساتھ رہے گا تاکہ عَلم اور دیگر زیارات کی برآمدگی کے دوران بجلی کی تاروں کے سبب کہیں بھی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ نثار حویلی جہاں سے ذوالجناح کا مرکزی جلوس نکلے گا وہاں جنریٹر کا بھی انتظام کیا جائے گا جبکہ اضافی سورس کے تحت جلوس کے احتتامی مقام پر بھی ایک جنریٹر کا انتظام کیا جائے گا۔