23اپریل کو الطاف کی خودساختہ مقبولیت کا سورج غروب ہو جائیگا : جمشید چیمہ
لاہور (پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ این اے 246 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج کے بعد الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی خودساختہ مقبولیت کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہو جائیگا، عوام پی ٹی آئی کے امیدوار کو کامیاب کروا کر ایم کیو ایم کے خوف سے آزاد ہونے کا حتمی فیصلہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے عوام کے تیور اور بدلہ ہوا رویہ دیکھ لیا ہے کہ وہ اب کسی کی دھونس اور دھاندلی نہیں چلنے دیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ الطاف حسین کی راتوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔پی ٹی آئی کے جلسے میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے اپنا پیشگی فیصلہ سنا دیا ہے اب صرف باضابطہ نتائج آنا باقی ہیں۔ انہہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں ملک کے غریب اور پسے ہوئے طبقے کی جنگ لڑ رہی ہے، انشااللہ وہ دن دور نہیں جب ملک پر مسلط سیاسی قبضہ مافیا اپنے انجام کو پہنچے گا اور حقیقت میں خلق خدا راج کرے گی۔ وفد نے پی ٹی آئی کے رہنما کو سندھ کی عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور جمشید اقبال چیمہ کو دورے کی دعوت بھی دی۔