دیہی علاقوں میں فلٹریشن پلانٹ کیلئے 12 ارب روپے مختص کر دیئے: مجتبیٰ شجاع
لاہور(نیوزرپورٹر)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن،خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ تقریبا60 فیصد بیماریاں گندے پانی کی وجہ سے جنم لیتی ہیں اور حکومت دیہی علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے پر12 ارب روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ صاف پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پھیلنے والی بیماریوں کو روکا جا سکے۔ پارٹی ورکرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت خصوصی طورپر دور دراز کے علاقوں میں بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے اور ویکسین کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے- انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کے لئے 17 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ شعبہ صحت کے لیے 102ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 7ارب 50 کروڑ روپے، نوزائیدہ بچوں کوطبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 2۔ارب روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پاکستان میں ہر 20 منٹ بعد ایک ماں دوران زچگی فوت ہو جاتی ہے اس طرح سال میں 15ہزار مائیں دوران زچگی زندگی ہار جاتی ہیں جبکہ دنیا میں 40 ہزار بچے پیدائش کے پہلے 30 دنوں میں فوت ہو جاتے ہیں جن میں سے 98 فیصد ترقی پذیر ممالک سے ہوتے ہیں۔