لاہور چیمبر، پنجاب حکومت اور لیبر آرگنائزیشن کے اشتراک سے عالمی کانفرنس پرسوں سے شروع ہو گی
لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پنجاب حکومت اور انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے اشتراک سے 24تا 27اپریل چار روزہ میگاایونٹ منعقد کرائے گا جس میں سارک انٹرنیشنل نمائش اور اپنی نوعیت کی پہلی سائوتھ ایشیاء لیبر کانفرنس شامل ہونگے۔یہ بات لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی، لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح، نائب صدرکاشف انور اور کمیٹی کے چیئرمین شیخ محمد ارشد نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے بتایا کہ ایونٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرکی پہلی مثال ہے اور تین سو سے زائد غیرملکی اس میں حصہ لیں گے۔ غیرملکی وفود کے قیام و طعام کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔ انجینئر سہیل لاشاری نے بتایا کہ 24سے 26اپریل تک کانفرنس پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں منعقد ہوگی جبکہ نمائش 25کو شروع اور 27اپریل کو ختم ہوگی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف دونوں ایونٹس کا افتتاح کریں گے جس میں 16ممالک کے مندوبین لیبر قوانین کے متعلق پیپر پیش کریں گے۔