سی پیک کے تحت 30 ارب ڈالر کے منصوبے شروع ہو چکے : وزیر تجارت

لاہور (کامرس رپورٹر+ اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم ویژن 2025ء کے تحت نہ صرف صنعتی پیداوار بلکہ ادبی، تاریخی اورثقافتی روایات کا دفاع کر کے اسے عالمی سطح پر ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں گے، 21 ویں صدی میں معاشی ترقی، دانشوروں کی تحریروں اور ثقافتی اقدار کے تحفظ کیلئے حقوق دانش کا قانون ہونا بہت ضروری ہے،عوام کو حقوق دانش بارے آگاہی ہو گی تو ہرشعبہ میں جدت آئے گی،وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر پارلیمنٹ میں سائبر خلا کے تحت پیش آنے والے معاملات پر کام شروع کر دیا گیا، وہ پیر کے روز یہاں مقامی ہوٹل میں انٹیلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان و یو ایس ایڈ کے زیراہتمام ’’نیشنل انٹیلیکچوئل پراپرٹی سٹریٹجی‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی پی او سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہے اور حقوق دانش کے تحفظ کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے جس سے سٹیک ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ وہ مزید فوائد بھی حاصل کر سکیں گے۔ ٹریڈ مارک پیٹنٹ اور کاپی رائٹس پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ہمیں دنیا کے حقوق دانش کا تحفظ بھی کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تجارت کو 21 ویں صدی سے ہم آہنگ کرنے کیلئے حقوق دانش کا تحفظ بہت ضروری ہے، اس میں تجارتی دفاع کے قوانین موجودہیں جو 2015ء میں پاس ہو چکے ہیں۔ حقوق دانش کا تحفظ بہت اہم ہے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر تحفظ دینے کیلئے قانون حتمی مراحل میں ہے جو دو سے تین ماہ میں اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے اس میں پیچیدہ معاملات بھی ہیں جن کا حل ضروری ہے۔ وزیراعظم ویژن 2025ء کے تحت نہ صرف صنعتی پیداوار بلکہ ادبی، تاریخی اور ثقافتی روایات کا دفاع کر کے اسے عالمی سطح پر ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔