بڑے ڈیموں میں پانی کی قلت براہ راست زراعت‘ پاور سیکٹر کو متاثر کریگی: لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے بڑے ڈیموں میں پانی کی شدید قلت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بحران براہِ راست زراعت اور پاور سیکٹر کو متاثر کرے گا‘ خریف کے موسم میں پنجاب اور سندھ کی بڑی فصلوں کے لیے پانی نہ ہونے کے برابر ہوگا ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے اور کسی بھی صورت پانی کی کمی کا متحمل نہیں ہوسکتا لیکن بدقسمتی سے اس اہم مسئلے سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی نہیں بنائی گئی، ملک کا انحصار تربیلا اور منگلا ڈیم پر ہے لیکن ان ڈیموں میں بھی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کے لیے بڑے ڈیم نہ ہونا اور وسیع پیمانے پر پانی کا ضیاع آبی بحران کی بڑی وجوہات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کو بلاوجہ متنازعہ بنادیا گیا جبکہ 2016-17ء میں بارہ ملین ایکڑ فٹ پانی ضائع کردیا گیاجو دو بڑے ڈیموں میں ذخیرہ شدہ پانی کے برابر ہے۔