پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے: منظور الحق

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے جس کی آبادی 20 کروڑ سے زائد ہے جس میں 55 فیصد تعداد نوجوانوں کی ہے ۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع تر مواقع موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہارفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین و نائب صدرمنظور الحق ملک کی نے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای او)کلب ورلڈ وائڈکے 15 رکنی وفد کا فانڈر چیئرمین ڈاکٹر جوزف کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی کے دورے کے موقع پر ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سی ای او کلب ورلڈ وائڈکے چیئرمین ڈاکٹر خوزف نے کہا کہ پاکستان آ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ سی ای او کلب ورلڈ وائڈکا مقصد پوری دنیا کے کاروباری افراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے ۔ سی ای او کلب ورلڈ وائڈ، پاکستان چیپٹرکا قیام اڑھائی سال قبل کیا گیا جس کا مقصد کاروبار کا فروغ اور مقامی کاروباری برادری سے بہتر تعلقات قائم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ہمیں ایف پی سی سی آئی کا تعاون درکار ہے ۔ مستقبل میں کاروباری برادری کی بہتری کے لئے دنیا کے 300 بہترین سپیکر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔