افغانستان کے ساتھ سرمایہ کاری، سکیورٹی اور امتیازی سلوک پر تاجروں کے تحفظات
لاہور( کامرس رپورٹر)پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ میں افغانستان اور پنجاب حکومت کے اشتراک سے مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے کمیٹی کا اجلاس صوبائی وزیر صنعت چوہدری محمد شفیق کی زیر صدارت ہوا۔ پنجاب کے 12 محکموں کے نمائندوں نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا اہم ایجنڈا افغانستان اور پنجاب کے مابین باہمی تعاون کے امور کو حتمی شکل دینا تھا۔ تمام محکموں نے اس سلسلے میں موجودسرمایہ کاری کے ان مواقع کے حوالے سے تجاویز پیش کیں جن پر اس کمیٹی کے پہلے دو اجلاسوں میں اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ کمیٹی ممبران نے اس امر پر اتفاق کیا کہ دونوں طرف سے صرف ان منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی جو دیر پا اور قابل عمل ہوں گے۔ تجاویز میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو افغانستان میں درپیش مشکلات کے حوالے سے اجاگر کیا جائے گا جن میں سیکورٹی اور پاکستانی ہونے کے حوالے سے امتیازی کا سلوک شامل ہے اور ان مسائل کے حل کے لئے تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔