کالا باغ ڈیم ناگزیر ہے‘ حکومت فوری اقدامات کرے: لاہور چیمبر
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کالاباغ ڈیم تعمیر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس اہم منصوبے کو فوری طور پر آگے نہ بڑھایا گیا تو تھرپارکر جیسے مزید سانحے جنم لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی مخالفت کرنے والے پاکستان کو خوشحال نہیں دیکھنا چاہتے۔ کالاباغ ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے ملک کو سالانہ 132ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہرین کے مطابق کالاباغ ڈیم کی تعمیر سے نوشہرہ کو کوئی خطرہ نہیں کیونکہ یہ ڈیم سے 150فٹ بلند ہے۔ کالاباغ ڈیم سے صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ ملک بھر کو فائدہ ہو گا، خیبر پی کے میں آٹھ لاکھ ایکڑ زمین زیر کاشت آئے گی جس سے صوبے میں غربت کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کو اس قدر متنازعہ کر دیا گیا کہ اس پر اتفاق رائے ممکن نہیں لہٰذا حکومت کو ہی اس کی تعمیر کا اہم فیصلہ کرنا ہو گا۔ پنجاب اسمبلی کالاباغ ڈیم کے حق میں قرارداد پاس کرے۔