کراچی سٹاک مارکیٹ میں مندے کا تسلسل ٹوٹ گیا، سرمایہ کاری میں ساڑھے3 ارب سے زائد اضافہ
کراچی + لاہور ( مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے بدھ کو دو روز سے جاری مندی کا تسلسل ٹوٹ گیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 28600 کی نفسیاتی حد پر مستحکم رہا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 3 ارب 54کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت 2.056 فیصد کم جبکہ 52.25 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا ۔ اسلام آباد میں جاری پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے آزادی اور انقلابی مارچ کے ریڈ زون میں داخل ہونے کے بعد پیدا ہونے والی بے یقینی کی کیفیت کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 28435 پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم بعدازاں حکومتی مالیاتی اداروں کی جانب سے بینکنگ ، سیمنٹ اور ٹیلی کام سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی اور مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 34.72 پوائنٹس اضافے سے 28664.84 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 333 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 3 ارب 54 کروڑ 96 لاکھ 97ہزار 571 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 67 کھرب 1 ارب 71 کروڑ 61 لاکھ 33 ہزار 706 روپے ہوگئی ۔ بدھ کو کاروباری سرگرمیاں 14 کروڑ 10 لاکھ 24ہزار 140 شیئرزرہیں۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز ملا جلا رجحان دیکھا گیا ۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 0.76 پوائنٹ کے اضافہ کیساتھ 5049.77 پر بند ہوا ۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 77 کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔ 16 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ، 9 کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ 52 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔ مارکیٹ میں کل 10 لاکھ 15 ہزار 700 حصص کا کاروبار ہوا ۔