میٹرو بس توسیعی منصوبہ: ایکسپریس وے کی تعمیر کا پی سی ون تیار‘ 17 ارب لاگت آئیگی

میٹرو بس توسیعی منصوبہ: ایکسپریس وے کی تعمیر کا پی سی ون تیار‘ 17 ارب لاگت آئیگی

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) محکمہ مواصلات و تعمیرات نے شاہدرہ سے رچنا ٹاؤن کالا شاہ کاکو تک میٹروبس کی توسیع کے لئے ایکسپریس وے کی تعمیر کے منصوبہ کا پی سی ون تیار کرلیا ہے، منصوبہ کے مطابق 17 ارب کی لاگت سے چھ کلومیٹر ٹریک تعمیر کیا جائے گا۔پی سی ون کے مطابق منصوبہ کے تین پیکجز بنائے گئے ہیں۔ پیکج ون میں دو اعشاریہ سات کلومیٹر کی تعمیر پر 5ارب 35 کروڑ، پیکج ٹو میں دو اعشاریہ سات سے پانچ اعشاریہ نو کلومیٹر کی تعمیر پر 6 ارب 58 کروڑ جبکہ پیکج تھری میں لینڈ ایکوزیشن اور یوٹیلٹی سروسز پر 5 ارب 11 کروڑ لاگت اAئے گی۔ تین اعشاریہ پانچ میٹر کی 8 لین تعمیر کی جائیگی جس میں سے 6 عام ٹریفک اور 2 لین میٹرو کے لئے مختص ہوں گی۔ شاہدرہ موڑ پر فلائی اوور اور شیخورہ سے آنے والی ٹریفک کے لئے انڈر پاس بنایا جائے گا جبکہ شاہدرہ موڑ کو سگنل فری بنانے کے لئے گول چکر بھی تعمیر کیا جائے گا۔امامیہ کالونی ریلوے لائن پر بھی فلائی اوور بنایا جائے گا جبکہ شاہدرہ اسٹیشن کو گرا کر روٹ پر پانچ نئے بس سٹیشن تعمیر کیے جائیں گے۔ منصوبے کے لئے مجموعی طور پر 165 کنال اراضی ایکوائر کی جائے گی جس کے متاثرین کو فی مرلہ 7 لاکھ 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے جبکہ پندرہ فیصد ڈی سی ریٹ کے مطابق شامل کیے جائیں گے۔متاثرین کے انفراسٹرکچر کے لئے 80 کروڑ جبکہ یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی کے لئے 1ارب 61 کروڑ مختص ہیں۔ جن میں سے لیسکو کے لئے تقریبا 27 کروڑ، پاکستان ریلویز کے لئے 30 کروڑ، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے لئے 5 کروڑ، سوئی گیس کے لئے 31 کروڑ، پی ٹی سی ایل کے لئے 28 کروڑ اور واسا کے لئے 39 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔