درآمدی اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھانے پر لاہور چیمبر میں مظاہرہ
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں درآمدی اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ ہوا جس میں لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، چیئرمین ایف ایم جی پاکستان کے چیئرمین انجم نثار، آفتاب احمد وہرہ بھی وہاں موجود تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی ایک بہت بڑا بوجھ ہے لہذا اسے فوری واپس لیا جائے۔ اس موقع پر ایک قرار داد بھی پاس کی گئی جس میں کہا گیا کہ اگر ریگولیٹری ڈیوٹی فورا واپس نہ لی گئی تو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی آڑ میں سمگلنگ بھی بڑھے گی۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی فورا واپس لینے کا اعلان کیا جائے۔ پیاف نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ فوری طور پر ایس آر او1035واپس لے کیونکہ اس ایس آر او کے تحت731اشیاءپر 10سے 80فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافہ ہوشربا مہنگائی کا باعث بنے گا۔ دس روز میں دوسرا منی بجٹ دیا گیا ہے۔ گزشستہ ہفتے 300 اشیاءکی درآمدی ڈیوٹی میں اضافہ کیا گیا تھا اب ایف بی آر نے 731 اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی مین 80 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ ایمانداری سے ٹیکس دینے والے طبقہ پر مزید ٹیکسوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔