زرمبادلہ ذخائر میں کمی کا سلسلہ رک گیا، ایک ہفتے میں 38 کروڑ ڈالر کا اضافہ
لاہور(کامرس رپورٹر)ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کا سلسلہ رک گیا ہے ایک ہفتے کے دوران 38 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہو گیا ہے اورمجموعی زر مبادلہ کے ذخائر دوبارہ 20 ارب ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔ سٹیٹ بنک کے مطابق اکتوبر کے دوسرے ہفتے کے دوران بیرون ملک سے سرکاری وصولیوں کے باعث مرکزی بنک کے ذخائر میں 36 کروڑ 97 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر بھی 1 کروڑ 12 لاکھ ڈالر بڑھ گئے جس کے باعث زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 38 کروڑ 9 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 20 ارب 5 کروڑ 29 لاکھ ڈالر ہو گئے ہیں ۔اس دوران سٹیٹ بنک کے ذخائر کا حجم 14 ارب 15 کروڑ 76 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس ذخائر کا حجم 5 ارب 89 کروڑ 53 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا ہے تاہم حالیہ اضافے کے باوجود رواں مالی سال کے دوران اب تک بیرونی قرضوں کی واپسی اور درآمدات میں اضافے کے باعث مجموعی طور پر زرمبادلہ میں 1 ارب 33 کروڑ ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔