قائمہ کمیٹی کامرس کا گرتی ہوئی برآمدات پر اظہار تشویش
اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس نے ملکی ایکسپورٹ میں مسلسل کمی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو برآمدات بڑھانے کیلئے زرعی شعبہ کی جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے ، وزارت کامرس کسی برآمدات کو بڑھانے کیلئے کیا اقدامات کررہی ہے اس حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ بیرون ملک ٹریڈ اتاشیوں کی پرفارمنس کے حوالے سے رپورٹ مانگی تھی جو ابھی تک مہیا نہیں کی گئی ہے 2013ء سے امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ شپمنٹ کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے بریفنگ نہ ملنے پر کمیٹی کا اظہار برہمی اگر آئندہ میٹنگ میں ایف بی آر کے حکام نہ آئے تو اختیارات استعمال کرتے ہوئے انکے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کریںگے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سراج محمد خان کی زیر صدارت ہوا اس موقع پر پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے حکام نے کہا کہ وزارت کامرس نے بورڈ کو قائم کرنے کانوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تمباکو کمپنی نے 188 روپے میں تمباکو خریدا ہے جبکہ فلپ مورس پاکستان نے 173 روپے فی کلو پر خریدا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تمباکو کے کاشتکاروں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت تمباکو کے کاشتکاروں کے مسائل کو اہمیت دیتی ہے تمباکو کی کمپنیوں نے سات سے تیرہ فیصد تک تمباکو کو مسترد کیا ہے اس حوالے سے ڈیٹا کو چیک کرنے کی ضرورت ہے چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ تمباکو کے کاشتکاروں کے ساتھ ایک میٹنگ کرنے کی ضرورت ہے جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کاشتکاروں کے ساتھ میٹنگ کرکے انتظام کریںگے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وزارت کامرس سے ٹریڈ اتاشیوں کی پرفارمنس کے حوالے سے رپورٹ مانگی تھی وہ بھی نہیں دی گئی اس سے ان کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کمیٹی نے وزارت کامرس سے پاکستان کی برآمدات کے حوالے سے آئندہ میٹنگ میں بریفنگ طلب کرلی ہے۔