3 ارب روپے سبسڈی کی عدم ادائیگی‘ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن مشکلات کا شکار
اسلام آباد(آن لائن) وزارت خزانہ نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو سبسڈی کی مد میں 3 ارب روپے سے زائد رقم ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ادا نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سے شدید مالی خسارے کا شکارکارپوریشن مزید مشکلات سے دوچار ہوگی ہے ۔وزارت صنعت و پیداوار کے ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے گذشتہ ایک سال سے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو رمضان پیکیج سمیت چینی اور دیگر اشیاء خورد ونوش پر حکومت کی جانب سے سبسڈی دینے کی مد میں واجب آلادہ 3ارب روپے سے زائد کی رقم ادا نہیں کی ہے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزارت سمیت کارپوریشن کے حکام نے کئی بار وزارت خزانہ کے حکام کو یاد دہانی کراتے ہوئے بتایا ہے کہ کارپوریشن کی جانب سے حکومتی احکامات کے مطابق چینی اور دالوں سمیت مختلف اشیاء خورد نوش پر سبسڈی دی جاتی ہے اسی طرح ہر سال حکومت رمضان پیکیج کے نام پر بھی سبسڈی کا اعلان کرتی ہے اور کارپوریشن حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سبسڈی پر عمل درآمد کرتا ہے تاہم وزارت خزانہ کی جانب سے کارپوریشن کو سبسڈی کی مد میں ادا کی جانے والی رقم کی ادائیگی میں بہت زیادہ تاخیر سے کام لیا جاتا ہے جس کی وجہ سے کارپوریشن کو اپنے مالی معاملات چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے گذشتہ 10 سال سے چینی کی مد میں دی جانے والی سبسڈی کی رقم بھی ادا نہیں کی ہے۔