سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا، کے ایس ای 100 انڈیکس 31500 کی نفسیاتی حد سے گر گیا

سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا، کے ایس ای 100 انڈیکس 31500 کی نفسیاتی حد سے گر گیا

کراچی(مارکیٹ رپورٹر)کراچی سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز جمعرات کو بھی مندا رہا اور کے ایس ای انڈیکس 31500کی نفسیاتی حد سے بھی گر گیا۔ سرمایہ کاری مالیت میں26ارب26کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔ ۔سیاسی بے یقینی کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے اور حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی ،جس کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس73.36پوائنٹس کمی سے 31451.62پوائنٹس پر بند ہوا۔سرمایہ کاری مالیت میں 26ارب 26کروڑ86لاکھ13ہزار433روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر70کھرب2ارب 33 کروڑ 90لاکھ 67 ہزار 578روپے ہوگئی۔ دریں اثناء لاہور سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کے روزبھی مندے کا رجحان رہا۔71کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔8کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا، 13کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ50 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 9.42 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 5398.06 پر بند ہوا۔