قائمہ کمیٹی ریلوے کا اجلاس، حامد الحق اور سعد رفیق میں جھڑپ
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں گزشتہ روز وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے جارحانہ روئیے اور وزارت ریلوے کے افسران کو ڈانٹ ‘ جھاڑپلانے پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حامد الحق کی سعد رفیق کے ساتھ جھڑپ ہو گئی۔ حامد الحق نے کہاکہ وزیر ریلوے نے بریفنگ میں کوئی نئی بات نہیں کی پرانے دعوے دہرائے۔ وزیر ریلوے کا اپنی وزارت کے افسران کے ساتھ رویہ بھی غیر مناسب ہے۔ چیئرمین کمیٹی کو ڈکٹیشن دیتے ہیں۔ انہیں اپنا رویہ بہتر کرنا ہو گا۔ خواجہ سعد رفیق نے جواب دیا کہ بریفنگ میں تمام نئے منصوبے پیش کئے ہیں۔ چیئر کی عزت کرتا ہوں اور اجازت لے کر بات کرتا ہوں۔ میٹنگ کی ریکارڈنگ دیکھی جا سکتی ہے وزارت چلانا میرا کام ہے کیسے چلانی ہے اور افسران اور سٹاف کو کیسے ڈیل کرنا ہے یہ مجھے نہ بتایا جائے۔ میں نے رزلٹ دینا ہے اور کام لینا ہے۔ حامد الحق نے بیچ میں بولنے کی کوشش کی تو سعد رفیق نے انہیں بھی ڈانٹ دیا اور کہا کہ میں آپ کی بات میں نہیں بولا آپ صبر کریں۔