آئی ایم ایف مارچ میں پاکستان کو ایک ارب 25 کروڑ ڈالر کی پانچویں قسط کے اجراءکی منظوری دے گا

دبئی(آن لائن) آئی ایم ایف کا بورڈ آف ڈائریکٹرز مارچ میں چوتھے پروگرام کے ریویو کے بعد پاکستان کیلئے ایک ارب پچیس کروڑ ڈالر کی پانچویں قسط کی منظوری دے گا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت کے کچھ شعبوں میں بحالی کے آثار نظر آرہے ہیں جبکہ بیرونی ادائیگیوں کی پوزیشن بھی حوصلہ افزا ہے۔ پاکستانی معاشی کارکردگی کے حوالے سے آئی ایم ایف مشن اپنی رپورٹ تیار کرکے بورڈ کو پیش کرے گا جس کے بعد بورڈ آف ڈائریکٹرز مارچ میں ایک ارب پچیس کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کے اجراءکی منظوری دے گا۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان میں بڑے پیمانے کی صنعتوں کی پیداوار بڑھنے لگی ہے اور عالمی معیشت میں بہتری کی وجہ سے برآمدات میں مدد ملی ہے نجی شعبے کے قرضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے تاہم آئی ایم ایف کے معاشی پروگرام کو اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔