فاٹا میں چار ڈیموں کی تعمیر سے علاقے کی پسماندگی دور ہو گی: راغب شاہ

لاہور(نیوزرپورٹر)چیئرمین واپڈا راغب شاہ نے کہا ہے کہ واپڈا منصوبے ملک خصوصاً فاٹا جیسے دور دراز اور پسماندہ علاقوںکی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے نہایت اہم ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گورنر خیبر پی کے بیرسٹر مسعود کوثرسے ملاقات کے دوران کیا۔چیئرمین نے کہا کہ واپڈا فاٹا میں متعدد منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں جنوبی وزیرستان میں گومل زام ڈیم، شمالی وزیرستان میں کرم تنگی ڈیم، مہمند ایجنسی میں مُنڈا ڈیم اور خیبرایجنسی میں باڑا ڈیم قابلِ ذکر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کی بدولت آبپاش زراعت کیلئے پانی کی دستیابی، سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاﺅ اور سستی پن بجلی پیدا ہوگی۔ مذکورہ فوائد کے ساتھ ساتھ ان منصوبوں کی تعمیراور بعد از تعمیر دیکھ بھال کے مراحل میں مقامی لوگوں کو ملازمتوں کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے ، جس سے قبائلی علاقوں میں غربت کم کرنے میں مدد ملے گی۔منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نے گورنر کو بتایا کہ گومل زام منصوبے کا ڈیم اور بجلی گھر کا جزو 99 فی صد مکمل ہوچکا ہے۔