آسٹریلوی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھائیں: احمد مختار

آسٹریلوی تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری مواقع سے فائدہ اٹھائیں: احمد مختار

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیرپانی وبجلی چوہدری احمد مختار نے کہاہے کہ پاکستان میں ہوا، پانی اور کوئلے سے بجلی پیداکرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے، آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں کو ان سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ وہ جمعرات کو آسٹریلیا کے سفیر ایکسل ویچ سے گفتگوکررہے تھے جنہوںنے یہاں وزارت میں ان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر چوہدری احمد مختار نے کہاکہ پاکستان کو توانائی کی قلت کا سامنا ہے۔ آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں کا چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہائیڈل اوردیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے سستی بجلی پیداکرنے کے لئے ’انرجی مکس‘ تبدیل کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ آسٹریلیا کے سفیر نے بتایا کہ آسٹریلیا کی مختلف کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں کام کررہی ہیں۔ آسٹریلوی کمپنیاں تربیلا توسیعی منصوبے اور پن بجلی کے بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ وہ پانی وبجلی کے بڑے منصوبوں کی بولی کے عمل میں حصہ لیں گی۔