چاول کی بوری 1000، انڈے 6 روپے درجن مہنگے

چاول کی بوری 1000، انڈے 6 روپے درجن مہنگے

لاہور (کامرس رپورٹر) مقامی تھوک مارکیٹ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران پرانے سپر کرنل چاول کی 50 کلوبوری کی قیمت میں ایک ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اور اس کا ریٹ 5500 روپے سے بڑھ کر 6500 روپے ہوگیا ہے۔ جبکہ تھوک مارکیٹ میں نئے سپر کرنل چاول کی 50 کلو بوری کی قیمت 6 ہزار روپے طلب کی جارہی ہے۔ اسی طرح ایک درجن فارمی انڈوں کی قیمت گزشتہ 2 دنوں کے دوران 6 روپے بڑھا دی گئی اور ان کا ریٹ 109 روپے سے بڑھ کر 115 روپے وصول کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں ایک کلو دال چنا کی قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوگیا ہے اور اس کا ریٹ 45 روپے سے بڑھ کر 47 روپے ہوگیا۔