نادہندگان 31 دسمبر تک ٹیکس ادا کر دیں ورنہ قانون حرکت میں آئےگا: چیئرمین ایف بی آر

اسلام آباد (ثناءنےوز + آئی این پی) مستقل ٹیکس نادہندگان 31 دسمبر 2009ءسے پہلے پہلے اپنے ذمہ واجب الادا ٹیکس ادا کردیں ورنہ قانون کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائیں۔ ان خیالات کا اظہار فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین سہیل احمد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کا ریونیو بڑھانے کیلئے ایف بی آر کی پارٹنر ہے اور اس بات کا یقین دلایا کہ ایف بی آر تاجر برادری کو حراساں کرنے کی بجائے ان کے ساتھ نرمی و دوستی کا رویہ اپنائے گا تا کہ مشترکہ کوششوں سے ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دی جا سکے۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لایا گیا ہے کہ کچھ سگریٹ ساز صنعتیں پورا ٹیکس جمع نہیں کرواتیں اور ٹیکس چوری میں ملوث ہیں جس پر ان فیکٹریوں کا آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ماضی میں ان عناصر کیخلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں تھیں جس سے ٹیکس وصولی میں بہتری آئی تھی لیکن ان کاروائیوں کا دائرہ کار اب مزید بڑھایا جائے گا۔