سلطان علی چودھری کی زراعت کےلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں:مقررین

لاہور (خبر نگار) سلطان علی چودھری کی پاکستان خصوصاً زراعت کے شعبے کےلئے خدمات بے شمار ہیں۔ ان کی حب الوطنی موجودہ مایوس کن حالات میں نوجوانوں کےلئے مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار گورنر ہاﺅس میں سابق وزیر اور ماہر زراعت سلطان چودھری کی کتاب حساب صاف کی تقریب رونمائی سے خطاب کرنے والے مقررین نے کیا۔ تقریب سے گورنر پنجاب مخدوا سید احمد محمود‘ سابق وفاقی وزیر سرتاج عزیز‘ بیگم بشری رحمان‘ قیوم نظامی‘ پروفیسر اشفاق نے خطاب کیا۔ ذکااشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سرتاج عزیز نے کہا سلطان چودھری کاانداز بیان سادہ اور اچھا ہے زراعت اور اپنی مٹی سے ان کی کمٹ منٹ اور محبت‘ زراعت میں مہارت اور حب الوطنی سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ بشری رحمان نے کہا کہ کوئی معاشرہ عورت کے بغیر مکمل نہیں ہوتا اور نہ ترقی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستانی خواتین محترمہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتی ہیں جنہوں نے اپنے بھائی کا تحریک پاکستان میں بھرپور ساتھ دیا۔ سلطان چودھری جیسے لوگوں کی وجہ سے یہ بھی قائم دائم ہے اور رہے گا۔ قیوم نظامی نے کہا ہم نے کتب سے رشتہ توڑا تو بندوق سے ناطہ جوڑ لیا۔ سلطان چودھری کی کتاب حساب صاف نہیں بلکہ نصاب صاف ہے۔ اسے بچوں کو پڑھنا چاہئے۔